Saudi Arabia Extends State Bank of Pakistan 3 billionRepayment Period

سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود 3 ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی

 اقتصادی شعبے میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جائیں گی‘ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پاک سعودی بزنس کونسل کے اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ دونوں ملکوں کا نجی شعبے میں بھی تعاون پر اتفاق ہوا ہے ۔ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ


Saudi Arabia Extends State Bank of Pakistan  3 billionRepayment Period

اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی2022ء سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود 3 ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کی بھرپور تعاون کو سراہا گیا ، دونوں ملکوں کا نجی شعبے میں بھی تعاون پر اتفاق ہوا ہے ، انڈسٹریز اور کان کنی کے شعبے میں تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا ، اقتصادی شعبے میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جائیں گی ، سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پاک سعودی بزنس کونسل کے اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

اعلامیہ سے معلوم ہوا ہے کہ زراعت اور خوراک کے شعبوں میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ، دونوں ملکوں نے ابلاغ عامہ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ، پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ماحولیاتی ویژن کو سراہا گیا۔

دھر عرب نیوز کو دیے گئےایک انٹرویومیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ سات دہائیوں سے ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا ، سعودی عرب کے ساتھ اپنےخصوصی تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، دونوں ممالک نئے اور غیرروایتی شعبوں کی تلاش پر کام کر رہے ہیں ۔


روس یوکرین جنگ کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ روس اور یوکرین کے حوالے سے پوری دنیا کو تشویش ہے، پاکستان کے دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، امید ہے جلد ہی ماسکو اور کیف کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو جائے گا ، پاکستان متاثرہ علاقوں میں امداد فراہم کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعطم شہباز شریف 28 اپریل کو تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے جہاں انہوں نے پاکستانی وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا ، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کے لیے کعبہ شریف کے دروازے کھولے گئے ، عمرے کی ادائیگی کے دوران وزیرِ اعظم نے زیارتِ خاص کے بعد حجرِ اسود کو بوسہ دیا اور طوافِ کعبہ کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ، وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ شاہی محل پہنچے تو شہزادہ محمد بن سلمان نے خود ان کا استقبال کیا ، وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں اقتصادی اور تجارتی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی ، اس دوران سعودی عرب میں پاکستانیوں کے روزگار کے مواقع بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں سعودی عرب سے واپسی پر شہباز شریف متحدہ عرب امارات گئے جہاں انہوں نے یو اے ای کی مسلح افواج کے سربراہ اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد زید بن النہیان سےملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے تو وزیر انصاف نے ان کا استقبال کیا، وزیراعظم نے یو اے ای کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر اور ابوظہبی کے ولی عہد سے ملاقات کی اور مشترکہ مفادات کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا جب کہ رات گئے وزیراعظم شہباز شریف پہلا غیر ملکی دورہ کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔




Comments

Search For Jobs